بڑھتی قیمتوں نے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی
شجاع آباد (اظہرتاج قریشی) شجاع آباد آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ ہوٹل مالکان 100 گرام سے بھی کم وزن کی روٹی 13، 14 اور 15 روپے میں فروخت کرنے لگے جبکہ نان بائیوں نے بھی اپنی من مرضی کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں تنظیم تحفظ حقوقِ شہریان کے صدر عمران عطاری نے شجاع آباد پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ مہنگائی کے طوفان کو مزید بڑھا رہا ہے، جس کے نتیجے میں غریب، متوسط اور نوکری پیشہ طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سستی روٹی کی دستیابی سے عام شہری کم از کم دو وقت کا پیٹ بھر کر کھانا کھا لیتے تھے، مگر اب یہ سہولت بھی ان سے چھن گئی ہے عمران عطاری نے مزید کہا کہ آٹے اور روٹی کے نرخ عوام کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکے ہیں، جس کے باعث لوگ اپنے بچوں کو پیٹ بھر کر کھانا کھلانے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اصلاحِ احوال کے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے#