بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں ،بلال صدیق کمیانہ
لاہور(آئی این پی )رواں برس بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 13ہزار سے زائد مقدمات درج کر کے 12ہزارسے زائدملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے،یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں بجلی چوری کے1834ملزمان،صدرڈویژن میں 2240، کینٹ ڈویژن میں 3696، ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 2013، سٹی ڈویژن میں 2238اورسول لائنزڈویژن میں 757ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے،کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے متعلقہ محکموں کو بھرپورمعاونت فراہم کی جا رہی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بجلی چوری کے کیسز کے چالان پراسیکیوٹرز کے ساتھ مل کر جلد مکمل کریں۔انہوں نے شہر یوں سے کہا کہ بجلی چوری کی صورت میں پولیس اور متعلقہ اداروں کو بروقت مطلع کریں۔