منصوبوں کو برق رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا‘ اشفاق احمد کہوٹ
لاہور( آئی این پی)پنجاب بار کونسل کے نو منتخب وائس چیئرمین چودھری محمد اشفاق احمد کہو ٹ نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی میں وکلاءکے کردار سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ، خدمت کی روایت کو جاری رکھیں گے جس کے تحت وکلاءکی فلاح و بہبود میں کوئی کسراٹھا نہیں رکھی جائے گی ، وکلاءکے بہتری کےلئے جاری منصوبوں کو برق رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مبارکباد دینے آنے والے وکلاءکے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ذبیع اللہ ناگرہ ،پنجاب بار کونسل کے سابق وائس چیئرمینز فرحان شہزاد،چودھری بابر وحید،سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت علی سوہل،اکاﺅنٹس آفیسر رانامحمد عمیر اور دیگر بھی موجود تھے۔وائس چیئرمین پنجاب بار چودھری محمد اشفاق احمد کہوٹ نے کہا کہ قیادت کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے ، انصاف کی فراہمی کے لئے بنچ اور بار کے تعلقات میں مزید بہتری لائی جائے گی ،ہر ضلع و تحصیل بار اور وکلا ءکی آواز بنیں گے ،ان کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکالت ایک معتبر پیشہ ہے ، وکلاءکو پروفیشنل انداز میں اپنا آپ منوانا ہے ، دلیل کو فروغ دینا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وکلاءکا جمہوریت کی بحالی اور اس کی مضبوطی میں بھی کلیدی کردار ہے اور ان شااللہ اپنا یہ کردار نبھاتے رہیں گے۔ملاقات کے لئے آنے والے وفود نے چوہدری محمد اشفاق احمد کہوٹ کو وائس چیئرمین اور ذبیع اللہ ناگرہ کو چیئرمین ایگزیکٹو بار کونسل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔