ڈپٹی کمشنر آفس میں ہائی وے پٹرول اٹک اورٹرانسپورٹرز کے نمائندگان کا اجلاس
اٹک(کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید نے کہا ہے کہ ضلع میں کمرشل ٹرانسپورٹ کے معاملات میں ہر ممکن حد تک بہتری لائی جائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر آفس، اٹک میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، اٹک ڈاکٹرغیاث گل خان ،سیکرٹری، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، اٹک سردار ظہیر احمد خان،ٹریفک افیسر میاں خرم،پنجاب ہائی وے پٹرول اٹک اورٹرانسپورٹرز کے نمائندگان بھی موجودتھے۔اجلاس میں ضلع حافظ آباد کے علاقے پنڈی بھٹیاں میں ہونے والے ایک سنگین ٹریفک حادثے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور کئی افراد شدید زخمی ہوئے۔ یہ حادثہ گاڑی کی حد سے زیادہ رفتار، زائد مسافروں اور ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ چشم دید گواہوں کیمطابق بس کی چھت پر بڑی تعداد میں مسافر سوار تھے، جو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے تھے۔اجلاس میں موجود تمام ٹرانسپورٹرز کو حکومتِ وقت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات سے آگاہ کیا گیا، جن میں حد سے زیادہ رفتار کی روک تھام پر زور دیا گیا ہے۔ ان ہدایات پر مکمل طور پر عمل درآمد کرنا لازم ہے تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔مزید برآں، پبلک سروس وہیکلز (PSVs) کی چھت پر مسافروں اور سامان کی لوڈنگ ایک سنگین مسئلہ ہے، جو نہ صرف گاڑی کی حفاظت بلکہ سڑکوں کے ڈھانچے اور ماحول پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ جب گاڑیاں اپنی گنجائش سے زیادہ وزن اٹھاتی ہیں، تو یہ ٹائروں، بریکوں اور سسپنشن سسٹمز پر اضافی دبا ڈال کر حادثات کے امکانات بڑھا دیتی ہیں اوراس سلسلے میں بااختیار اتھارٹی نے ہدایت دی ہے کہ ان خطرات کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔لہذا چیئرپرسن ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اٹک نے تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈرائیورز کو آگاہ کریں کہ وہ گاڑی کی چھت پر زائد مسافروں کو سوار نہ کریں اور رفتار کی حد سے تجاوز نہ کریں۔چیئرپرسن نے مزید کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس اس قسم کے تمام اجلاسوں کا مستقل ایجنڈا ہے اور حکومت کی ہدایات اس حوالے سے بالکل واضح ہیں۔ لہذا، تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے ڈرائیورز کو حکم دیں کہ وہ VICS فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ گاڑی میں ساتھ رکھیں اور نمایاں کریں۔اس ضمن میں چیئرپرسن نے ڈی پی او اٹک اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ بس اڈوں کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ آئندہ کوئی بھی ڈرائیور کسی مسافر کو گاڑی کی چھت پر سوار نہ کرے۔ڈی ایس پی ٹریفک، ضلعی افسر PHP، اور سیکرٹری RTA کا عملہ بغیر کسی امتیاز کے رفتار کی خلاف ورزی اور اوور لوڈنگ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گا۔ اس ضمن میں ایسے اقدامات کیے جائیں گیجن میں ایسی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ فوری طور پر منسوخ کیے جائیں گے۔اس کیعلاوہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس فوری منسوخ کیے جائیں گے۔مزید براں ایسی گاڑیاں جو اوور لوڈنگ یا تیز رفتاری کی مرتکب پائی گیں ، انہیں فوری طور پر بند کیا جائے اور متعلقہ پولیس اسٹیشنز میں ایف آئی آر درج کی جائیگی.اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے عوام الناس کی معلومات کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کی جائے گی۔