شیلٹر ہوم گوجرانوالہ میں ڈیڑھ سال سے مقیم بچی کے ورثاء مل گئے
گوجرانوالہ( رانا عبدالغفار خاں / آئی این پی )شیلٹر ہوم گوجرانوالہ میں ڈیڑھ سال سے مقیم بچی کے ورثاء مل گئے، بچی ورثا سے مل کر خوشی سے نہال، والدین کی آنکھوں میں بھی خوشی کے آنسو۔تفصیل کے مطابق بچی نسیم ولد ولی محمد ڈیڑھ سال سے شیلٹر ہوم میں رہائش پذیر تھی اس دوران ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر شیلٹر ہوم مس شاہدہ وارث اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مس سمیرا اقبال مسلسل بچی کے ورثاء کی تلاش کے لئے کوشاں رہیں اور اس سلسلہ میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ میڈیا میں بھی تشہیر کی گئی جس کے نتیجہ میں بچی کے ورثا لاہور سے گوجرانوالہ شیلٹر ہوم پہنچے جہاں پر بچی کو اس کے ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ اس موقع پر انتہائی جذباتی مناظر پیش آئے جہاں ایک طویل عرصہ بعد اپنی بچی سے ملنے پر والدین کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھی تو وہیں پر بچی اپنے بہن کے سینے لگ کر خوشی سے نہال ہورہی تھی۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر شیلٹر ہوم مس شاہدہ وارث اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مس سمیرا اقبال نے کہا کہ ادارہ لاوارث اور گمشدہ خواتین اور بچیوں کی دیکھ بھال میں بہترین کردار ادا کررہا ہے اور اس ادارے کے ذریعہ کئی گمشدہ خواتین کو ان کے ورثاء سے ملوایا جاچکا ہے۔