ایس یو پی کا لوڈشیڈنگ کا خلاف احتجاج مظاہرہ اور دھرنا
جیکب آباد (کرائمز پوائنٹ ڈاٹ کام ) جیکب آباد میں گرمی کی شدت برقرار، بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا، ایس یو پی کا لوڈشیڈنگ کا خلاف احتجاج مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں گرمی کی شدت برقرار ہے جبکہ سیپکو حکام کی جانب سے بجلی کی بدترین اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے جس کی وجہ سے عوام سخت اذیت میں مبتلا ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر کا کاروبار بھی شدید متاثر ہورہا ہے، قیامت خیز گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کی جانب سے فدا حسین، عبدالمجید، شاہ رخ شیخ کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا، مظاہرین نے جلوس نکال کر شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرتے ہوئے سیپکو حکام کے خلاف نعریبازی کی اور پریس کلب کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا، اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جیکب آباد میں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرجاتا ہے لیکن اس کے باوجود بجلی فراہم نہیں کی جارہی گرمی اور بجلی کی طویل بندش نے گھریلو صارفین کو نقل مکانی پر مجبور کردیا ہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وقفے وقفے سے بجلی کی آنکھ مچولی سے کاروبار بھی متاثر ہورہا ہے، انہوں نے اعلیٰ حکام سے بجلی کی بدترین صورتحال پر فوری نوٹس لینے سمیت عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
٭٭٭٭٭