ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھا کشن میں ایمرجنسی مریض کے ساتھ غفلت کا مظاہرہ،
کوٹ رادھاکشن (ارشد منیر چوہدری ) ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھا کشن میں ایمرجنسی مریض کے ساتھ غفلت کا مظاہرہ، وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مبینہ غفلت کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سے پیوستہ روز مقامی شہری حاجی محمد نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھا کشن میں علی الصبح 3 بجے بلڈ پریشر اور سینے کی تکلیف کے باعث چیک اپ کے لیے رجوع کیا، تاہم ہسپتال عملے کی غیر سنجیدگی اور سست روی سے مریض کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ فرد کے مطابق ابتدائی طور پر ڈاکٹر نے پرچی جاری کر کے نرس کے سپرد کیا، جنہوں نے بلڈ پریشر چیک کرنے کے ساتھ انجیکشن لگایا اور ای سی جی کے لیے بیڈ پر لیٹنے کی ہدایت دی۔ تاہم ای سی جی کرنے والا عملہ طویل انتظار کے باوجود موقع پر نہ پہنچا۔ متعدد بار استفسار پر یہی جواب دیا جاتا رہا کہ متعلقہ شخص کو فون کر دیا گیا ہے، مگر وہ کافی دیر سے آیا اور تب جا کر ای سی جی کی گئی۔ ڈاکٹر نے ای سی جی رپورٹ دیکھ کر مریض کو لاہور روانہ ہونے کی ہدایت کی۔چیئرمین قرآن و سنہ موومنٹ تحصیل کوٹ رادھاکشن مہر جمیل الرحمن، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ پریس کلب قصور ارشد منیر چوہدری و اہل علاقہ نے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز سے ایم ایس ہسپتال اور متعلقہ عملہ کے خلاف مبینہ غفلت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔