مل کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا :اویس گجر
لاہور / رائےونڈ (آئی این پی )تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان مائنس ہو چکے ہیں، اور اب ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری اویس گجر نے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دور میں قوم نے انتشار، افراتفری اور عدم استحکام کا سامنا کیا، جس کی وجہ سے نہ صرف معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا بلکہ عوام کا اعتماد بھی بری طرح مجروح ہوا۔ عمران خان کی پالیسیوں نے ملک کو دلدل میں دھکیل دیا تھا، جس سے نکلنے میں موجودہ حکومت شبانہ روز کوشاں ہے۔ چوہدری اویس گجر نے مزید کہا کہ عمران خان مائنس ہو چکے ہیں اور قوم بھی اپنے روشن مستقبل کے لیے اُن سے منہ موڑ چکی ہے۔ عوام جان چکے ہیں کہ کسی فردِ واحد کی انا پرستی اور غیرسنجیدہ رویوں کی بجائے اجتماعی بھلائی اور استحکام ہی ترقی کا ضامن ہوتا ہے۔ آج الحمدللہ، ملک میں سیاسی استحکام، معاشی سرگرمیوں میں تیزی اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر قائم ہو رہا ہے۔ چوہدری اویس گجر کا کہنا تھا کہ حکومت کی موثر پالیسیوں، غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور عوام دوست اقدامات سے مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے زور دیا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک خوشحال، پرامن اور مستحکم پاکستان مل سکے۔