یکم جولائی سے شہریوں سے کوڑا ٹیکس وصول کرنے کا اعلان
لاہور ( شمشادعلی بھٹی سے ) پنجاب حکومت نے شہریوں سے یکم جولائی سے کوڑا ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت یکم جولائی سے صوبے بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں ستھرا پنجاب منصوبے کے تحت صفائی ٹیکس (گاربیج ٹیکس) کی وصولی شروع کرے گی، اس سلسلے میں مقامی حکومتوں نے اس منصوبے کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے سروس چارجز کی وصولی کے لیے حکمتِ عملی ترتیب دینا شروع کر دی ہے، پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقی پہلے ہی اس منصوبے کی منظوری دے چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد "ستھرا پنجاب” منصوبے کا آغاز کیا گیا تاکہ صفائی اور کچرا مینجمنٹ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں، جس کے لیے ابتدائی طور پر 200 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا، مقامی حکومتوں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں نے مشینری خریدی اور لاہور سمیت کئی اضلاع میں گھروں سے کچرا اکٹھا کرنے کا کام شروع کیا، تاہم تاخیر کے باعث ابھی تک یہ سہولیات پنجاب کے تمام رہائشی علاقوں تک مکمل طور پر نہیں پہنچ سکی ہیں۔ مصدقہ ذرائع کیمطابق حکومتِ پنجاب نے اس منصوبے کے لیے ایک مخصوص ٹائم لائن مقرر کی ہے، جس کے تحت یکم جولائی سے ٹیکس وصولی کا آغاز ہونا ہے، اس لیے مقامی حکومتوں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ گاربیج ٹیکس کی وصولی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں، جس پر کام جاری ہے، یہ نیا ٹیکس صوبے کے شہری و دیہی علاقوں میں رہائشی اور کاروباری تمام چھوٹے بڑے یونٹس پر لاگو ہو گا، تاہم لاہور سمیت پنجاب بھر کی کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو اس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔