علاقائی خبریں

پیپلز پارٹی دوبارہ ایک عوامی قوت بن کر ابھر رہی ہے:صفدر ہمایوں قریشی

نارووال(حاجی غلام عباس)پاکستان پیپلز پارٹی امریکہ کے سینئر نائب صدر صفدر ہمایوں قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت ایک باصلاحیت، تعلیم یافتہ، جمہوریت پسند اور بین الاقوامی امور کی سوجھ بوجھ رکھنے والے لیڈر کی ضرورت ہے، اور بلاول بھٹو زرداری تمام خوبیوں کے حامل ایک ایسے قائد ہیں جو پاکستان کو ترقی و استحکام کی راہ پر ڈال سکتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز میڈیا سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نہ صرف نوجوانوں کی آواز ہیں بلکہ وہ پاکستان کے تمام طبقات، خصوصاً محنت کشوں، کسانوں، مزدوروں اور پسے ہوئے عوام کی نمائندگی کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی دوبارہ ایک عوامی قوت بن کر ابھر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے اور پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنائے گی۔صفدر قریشی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج پیش کیا اور ہر فورم پر پاکستان کا مؤقف اعتماد اور سلیقے سے اجاگر کیا۔ ان کا طرز سیاست مفاہمت، جمہوریت، امن، نوجوان قیادت اور عوامی خدمت کا امتزاج ہے جو ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل سے لاتعلق ہو چکی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، بدانتظامی اور عوامی مسائل کا انبار اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام ایک حقیقی اور مخلص قیادت کی تلاش میں ہیں۔ یہی خلا پیپلز پارٹی پورا کرے گی۔صفدر ہمایوں قریشی نے پیپلز پارٹی کے تمام کارکنان کو پیغام دیا کہ وہ پارٹی کے منشور اور بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کو گھر گھر پہنچائیں، عوام سے جڑیں، اور آئندہ انتخابات کے لیے بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ قوت ہے جو پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button