پانچویں اور آٹھویں جماعت کیلئے سمارٹ سلیبس کی تیاری کا کام جاری
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے میں پانچویں اور آٹھویں جماعت کے لیے سمارٹ سلیبس تیار کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے، جو آئندہ ہفتے باضابطہ طور پر جاری کر دیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کے مطابق دونوں جماعتوں میں موجودہ نصاب ضرورت سے زیادہ ہونے کے باعث نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ کو بھی تدریس میں مشکلات درپیش تھیں، جس کے بعد نصاب کو مختصر اور قابلِ فہم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سمارٹ سلیبس کی تیاری کے لیے ماہرین تعلیم کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق نیا سلیبس اس انداز میں ترتیب دیا جا رہا ہے کہ بچوں پر بوجھ کم ہو سکے اور کم وقت میں ضروری تعلیمی اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تصدیق کی ہے کہ سمارٹ سلیبس آئندہ ہفتے جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پرائمری اور مڈل سطح پر تدریسی معیار بہتر ہو اور بچوں پر غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے۔دوسری جانب اساتذہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سالانہ امتحانات میں صرف تین ماہ باقی رہ جانے کے باعث نیا سلیبس بروقت پڑھانا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ ان کے مطابق فروری میں پانچویں اور آٹھویں جماعت کے طلبہ کی بورڈ طرز پر اسیسمنٹ ہونی ہے، تاہم سمارٹ سلیبس متعارف ہونے سے تدریسی عمل نسبتاً آسان ہو جائے گا اور کم وقت میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں گے۔محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ نیا سلیبس طلبہ کی ذہنی سطح، سہولت اور دستیاب وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے تاکہ سالانہ امتحانات سے قبل تعلیمی عمل میں تسلسل برقرار رہے۔