سیلز ٹیکس کو سنگل ڈیجٹ لانا ہوگا‘ ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ
لاہور( آئی این پی)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ اگر مکمل ریونیو اکٹھا کرکے حکومتی خزانے تک لانا ہے تو اس کے لئے سیلز ٹیکس کو سنگل ڈیجٹ لانا ہوگا،جب سیلز ٹیکس سنگل ڈیجٹ ہوگا تو ان پُٹ ختم ہو جائے گا جس سے ریفنڈز کا قانون ہی ختم ہوجائے گا ،حکومت نے پہلے ایکسپورٹرز کو ریبیٹ کی سہولت فراہم کی اورریفنڈز دینا شروع کیا تاہم جب ریفنڈز پر کرپشن اور جعلی انوائسز کا دور شروع ہوا جس کا خمیازہ حکومت اب تک بھگت رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکسیشن نظام پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صدر زوہیب الرحمن زبیری،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدور واصف علی شیخ،تابش علی جاوید،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری اورجوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ حبیب الرحمن زبیری نے کہا کہ سیلز ٹیکس فراڈ میں اربوں کھربوں روپے کا نقصان حکومتی خزانے کو اٹھانا پڑا اور ابھی تک حکومت اپنا اربوں روپے کا نقصان کر رہی ہے ،آج بھی سیلز ٹیکس کوملک بھر کی سیلز سے نکالا جائے تو ملک بھر سے پانچ فیصد بھی سیلز ٹیکس اکٹھا نہیں ہوتا کیونکہ کرپشن اورسسٹم کے خلاءکی وجہ سے پورا سیلز ٹیکس حکومتی خزانے میں پہنچ ہی نہیں پاتا ،اگر حکومت کے پاس 5فیصد نیٹ ٹیکس جمع ہوتا ہے تو کوئی بتائے گا باقی 13 فیصد سیلز ٹیکس کہاں جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ سخت سے سخت قانون یا سخت شرائط رکھنے سے ٹیکس فراڈ کو نہیں روکا جا سکتا ،اگر ایف بی آر روک سکتا ہے تو پہلے ایف بی آربتائے سیلز ٹیکس کا سسٹم غلط یا جعلی انوائس کو کیوں قبول کرتا ہے جو بعد میں ٹیکس فراڈ کو ظاہر کرتا ہے ،پہلے کلین چٹ دی جاتی ہے اور پھرچار پانچ سال بعد وہی سسٹم ایف آئی آر دے دیتا ہے اس میں رجسٹرڈ پرسن کا کیا گناہ ہے کہ پانچ سال بعد اسے ٹیکس فراڈ میں ملوث کیا جا رہا ہے ،پہلے ایف بی آر کے سسٹم نے چوری کو کیوں نہیں روکا ۔انہوںنے کہا کہ کرپشن کے سب راستے ہمیشہ کےلئے بند کرنے ہیں تو صرف سیلز ٹیکس کو سنگل ڈیجٹ کرکے ریفنڈز کو معاملے کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جائے ۔پاکستان میں ٹیکس خلا ءموجود ہے جس کے لیے درست ڈائریکشن اور اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔