یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس ماہنیاوالا میں عقیدت و احترام سے برآمد
صفدرآباد ( نامہ نگار )ملک کے دیگر حصوں کی طرح صفدرآباد کے نواحی گاؤں ماہنیاوالا میں بھی نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشورہ نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر مرکزی جلوس امامیہ حسینیہ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔جلوس میں بڑی تعداد میں عزادارانِ حسینؑ نے شرکت کی، جنہوں نے ماتم، نوحہ خوانی، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کے ذریعے کربلا کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فضاء لبیک یا حسینؑ، یا عباسؑ، اور یا زہراؑ کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ مختلف مقامات پر سبیلیں، نیاز اور لنگر کا بھی وسیع پیمانے پر اہتمام کیا گیا جہاں عزاداروں اور عام شہریوں کی تواضع کی گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس اہلکاروں، سول ڈیفنس اور مقامی رضا کاروں نے جلوس کی نگرانی کے فرائض انجام دیے۔ طبی امداد کے لیے ایمبولینس، فرسٹ ایڈ کیمپ اور پانی کی سہولت بھی جلوس کے ساتھ موجود رہی۔ماہنیاوالا کے مکینوں نے بھی جلوس کے دوران بھرپور تعاون کیا۔ کئی مقامات پر جلوس کا استقبال کیا گیا، جبکہ بعض مقامات پر علم اور تعزیے بھی نصب کیے گئے تھے، جو کربلا کی یاد تازہ کرتے رہے۔ عاشورہ کے موقع پر مقامی خطباء اور ذاکرین نے شہدائے کربلا کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے صبر، قربانی اور حق و باطل کے فرق کو اجاگر کیا۔
جلوس اختتام پر خصوصی دعا کے ساتھ پرامن طور پر ختم ہوا۔ علاقے میں مجموعی طور پر امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا برقرار رہی۔