بابا گورو نانک یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے 3.07 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ کی منظوری
نکانہ صاحب: ( رانا عرفان) پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، حکومتِ پنجاب نے بابا گورو نانک یونیورسٹی نکانہ صاحب کی جاری تعمیر کے لیے 3.07 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈ کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری یونیورسٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے جو تعمیراتی عمل میں تیزی لائے گی۔اس کامیابی میں کلیدی کردار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین، رجسٹرار جناب مبشر طارق، اور ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جناب شاہد اقبال نے ادا کیا، جنہوں نے اس کیس کو کامیابی سے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سامنے پیش کیا۔ اس عمل میں سی اینڈ ڈبلیو نکانہ صاحب کے ایگزیکٹو انجینئر جناب کاشف کا تعاون بھی قابلِ تحسین رہا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی محترمہ مریم اورنگزیب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف، وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات، اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جناب غلام فرید کا شکریہ ادا کیا، جن کی رہنمائی اور حمایت اس منصوبے کی منظوری میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔یہ فنڈ یونیورسٹی کی جلد تکمیل کو ممکن بنانے اور ادارے کو ایک معیاری اعلیٰ تعلیمی مرکز بنانے کے خواب کی عملی تعبیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔