عالمی یوم آبادی 2025 – اوکاڑہ میں کامیاب سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد؛
اوکاڑہ(وحید انصاری) عالمی یوم آبادی 2025 – اوکاڑہ میں کامیاب سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد؛ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا اظہار، عالمی یوم آبادی کے موقع پر تھیم بعنوان نوجوانوں کو بااختیار بنانا تاکہ وہ ایک منصفانہ اور امید افزاء دنیا میں اپنی مرضی کے مطابق اپنا خاندان تشکیل دے سکیں کے تحت ایک کامیاب سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب محکمہ صحت و آبادی اوکاڑہ، پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈ، اور doctHERs کے باہمی اشتراک سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سی ایچ ڈی سی ہال میں منعقد کی گئی، سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا جس کے بعد مختلف مقررین نے آبادی اور وسائل کے درمیان توازن، خاندانی منصوبہ بندی، اور ماں بچے کی صحت کے موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر محمد بخش نے پنجاب اور خصوصاً ضلع اوکاڑہ کی ڈیمو گرافک صورتحال پر روشنی ڈالی اور آبادی اور دستیاب وسائل کے درمیان توازن کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے آبادی اور وسائل میں ہم آہنگی ناگزیر ہے، ڈسٹرکٹ منیجر doctHERs محمد نذیر تبسم نے ضلع میں خاندانی منصوبہ بندی کی ضرورت اور خدمات کی فراہمی پر بات کی۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی آسان رسائی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا، ڈسٹرکٹ خطیب، قاری سعید عثمانی نے خاندانی منصوبہ بندی اور اسلام کے نقطہ نظر پر مدلل گفتگو کی۔ انہوں نے خاص طور پر ماں اور بچے کی صحت کی اہمیت پر زور دیا اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خاندانی منصوبہ بندی کے تصور کو واضح کیا، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر اوکاڑہ، چوہدری عاصم ہدایت نے اس سال کے عالمی یوم آبادی کے تھیم پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کا یہ تھیم دراصل ایک سنہرے مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں نوجوانوں کو ایسی معلومات اور سہولیات فراہم کرنا ہوں گی جس سے وہ اپنی زندگی کے اہم فیصلے، خاص طور پر خاندانی منصوبہ بندی کا فیصلہ مکمل آگاہی اور آزادی سے کر سکیں کیونکہ صرف اسی صورت میں ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہر فرد کو مساوی مواقع میسر ہوں اور ہر خاندان خوشحال زندگی گزار سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع تبھی میسر ہوں گے جب پاکستان کی آبادی اور وسائل میں توازن ہو گا۔ سیمنار کے اختتام پر ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا سیمنار اور واک می ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے جناب افضل کامیانہ، محکمہ صحت و آبادی کے ملازمین، محکمہ اوقاف کے نمائندگان، فیملی پلاننگ اور پاپولیشن مینجمنٹ کے لئے سرگرم این جی اوز کے نمائندوں بشمول محترمہ راحیلہ اسحاق docTHERs، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر گرین سٹار اوکاڑہ، محترم امجد اسلام امجد اور عام شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔#