کرائمز

بلڈ سنٹر سیل کرنے کے خلاف درخواست نمٹا دی گئی ، عدالت کی متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت

لاہور (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی جانب سے بلڈ سنٹر سیل کرنے کے خلاف درخواست نمٹا دی ، عدالت نے سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر عبدالرحمان کے بروقت پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔جسٹس راحیل کامران نے یو پی ایچ بلڈ سنٹر کی درخواست پر سماعت کی۔سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر عبدالرحمان جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل محمد عثمان خان پیش ہوئے۔جسٹس راحیل کامران نے سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر عبدالرحمان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو صبح بلوایا تھا ، بروقت کیوں نہیں آئے تھے، اگر اب بھی نہ آتے تو آپ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا تھے،جو بلڈ سنٹر سیل کیا ہے ،اس حوالے سے کوئی آرڈر پاس کیوں نہیں کیا ؟۔سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر عبدالرحمان نے جواب دیا کہ سوری سر ، بروقت اطلاع نہیں ملی تھی ، سوری ، ایک دن کا وقت دے دیں، ہم آپ کے سامنے آرڈر پیش کردیں گے۔ اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے عدالت کو بتایا کہ درخواست قابل سماعت نہیں ، درخواست گزار کے پاس محکمانہ اپیل کا فورم موجود ہے،قانون کے تحت چار رکنی اپیلٹ کمیٹی موجود ہے۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون سا طریقہ کار ہے کہ آپ نے جو آرڈر پاس کیا ہے وہ ان کو نہ دیا جائے ، آج ہی آرڈر درخواست گزار کے حوالے کریں تاکہ درخواست گزار فورم متعلقہ فورم سے رجوع کرسکے۔اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ درخواست گزار کو آج ہی آرڈر دے دیں گے ۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت معاملہ سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کو بھیج دیں۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت اس میں بالکل مداخلت نہیں کرے گی ، قانون کے مطابق اتھارٹی موجود ہے ، آپ اپیلٹ کمیٹی سے رجوع کریں ، اگر داد رسی نہ ہو تو پھر آپ عدالت آسکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button