ضلعی انتظامیہ کی تجاوازات کے خلاف کارروائیاں جاری,8ٹرک سامان ضبط
لاہور (آئی این پی) لاہور کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ لاہور کی مربوط اور مسلسل کارروائیاں جاری ہیں ، گزشتہ 24گھنٹوں میں 1200سے زائد چھوٹی بڑی تجاوزات کا خاتمہ، 8ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا ۔ترجمان کے مطابق انسداد تجاوزات آپریشنز ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی ہدایت پر بلا امتیاز جاری ہیں، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی ای اوز پیرا کی زیر نگرانی انسداد تجاوزات آپریشنز کئے گئے، تحصیل ماڈل ٹاﺅن، سٹی، راوی، صدر اور کینٹ سمیت ضلع بھر میں کارروائیاں کی گئیں ۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، عوامی گزرگاہوں اور سڑکوں کو ہر صورت کشادہ اور رکاوٹوں سے پاک رکھا جائے، ہٹائی گئی تجاوزات کو دوبارہ قائم ہونے سے روکنے کیلئے مستقل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن لاہور کو تجاوزات سے پاک شہر بنانا اور تجاوزات کا مستقل خاتمہ ہے، قانون کا بلامتیاز اطلاق، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔