اپنی زمین اپنا گھر اسکیم ،4 لاکھ 81 ہزار سے زائد درخواستیں جمع
لاہور( آئی این پی)اپنی زمین،اپنا گھر پورٹل پر مزید درخواستوں کی وصولی کا عمل بند کردیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی غریب اور مستحق خاندانوں کو مفت پلاٹوں کی فراہمی اگلے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے،صوبے کے 19 اضلاع میں آن لائن درخواستوں کے ذریعے 2ہزار مفت پلاٹس دئیے جائیں گے۔وزیر ہاﺅسنگ پنجاب بلال یاسین کو ڈی جی پنجاب ہاﺅسنگ اینڈ ٹاﺅن پلاننگ سکندر ذیشان کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیاکہ اپنی زمین، اپنا گھر پروگرام کے تحت 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کروا چکے ہیں، 3 لاکھ 67 ہزار سے زائد افراد کی درخواستیں ابتدائی سکریننگ کے معیار پر پورا اتری ہیں۔ وزیر ہاﺅسنگ بلال یاسین نے کہا کہ شفافیت اور سکروٹنی کے عمل کی نگرانی کیلئے 19 اضلاع میں کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں سکروٹنی کمیٹی ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر ہاﺅسنگ نے ہدایت کی کہ پھاٹا کے زیر انتظام اسکیموں کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے، اپنی زمین اپنا گھر کے تحت مفت پلاٹ حاصل کرنے والے خاندان اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 15 لاکھ تک بلاسود قرض سے بھی مستفید ہوسکیں گے۔