25منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری تقریب کا انعقاد
پشاور (خواجہ حمزہ )گورنرہاوس پشاورمیں اتوار کے روز خیبرپختونخوا اسمبلی کی خواتین اور غیر مسلم مخصوص نشستوں پر 25منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین صوبائی اسمبلی سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری میں وفاقی وزیرسیفران انجینئرامیرمقام، خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان، پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی،عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈرارباب عثمان خان، پی پی پی صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، پاکستان مسلم لیگ ن مرتضی جاوید عباسی،چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد سمیت اراکین صوبائی اسمبلی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔حلف لینے والوں میں جمعیت علماء اسلام (ف) کی خواتین نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی ستارہ آفرین، ایمن جلیل جان، مدینہ گل آفریدی، رابعہ شاہین، نیلوفربیگم، ناہیدہ نور اور عارفہ بی بی، پاکستان مسلم لیگ ن کی آمنہ سردار، فائزہ ملک، آفشاں حسین، شازیہ جدون، جمیلہ پراچہ،فرح خان، سیدہ سونیاحسین، پاکستان پیپلزپارٹی کی شازیہ طہماش خان، مہرسلطانہ، اشبرجان جدون اور فرزانہ شیرین، عوامی نیشنل پارٹی کی خدیجہ بی بی اور شاہدہ وحید، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین، نادیہ شیر،غیرمسلم مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے عسکر پرویز اورگورپال سنگھ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سوریش کمار اور پاکستان پیپلزپارٹی کے بیاری لال شامل تھے۔ تقریب حلف برداری میں الیکشن کمیشن کے نمائندے, خیبرپختونخوا اسمبلی سٹاف اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام بھی موجود تھے،حلف برداری کے بعد گورنر نے حلف اٹھانے والے اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی۔گورنر نے اس موقع پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اہم ذمہ داری کیلئے ان کو نامزد کیا۔گورنر نے کہا انہوں نے ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے منتخب مخصوص اراکین اسمبلی سے گورنرہاوس میں حلف لینے کی زمہداری ادا کی-واضح رہے کہ یہ حلف آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 65 اور آرٹیکل 255(2) کے تحت اور خیبرپختونخوا پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس رولز 1988 کے رول 6 کے مطابق لیا گیا۔