9بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کروانے کیلئے دائر درخواست خارج
لاہور (آئی این پی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے 9بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کروانے کیلئے دائر درخواست خارج کردی،عدالت نے غلط بیانی پر درخواست گزار کی سکیورٹی کی رقم بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دے دیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بھٹہ مزدوروں کو کسی نے حبس بے جا میں نہیں رکھا ، پھر بھی درخواست دائر کی گئی۔چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے شہری منظور احمد کی درخواست پر سماعت کی، پنجاب حکومت کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اخلاق سلہری پیش ہوئے ،پھول نگر پولیس نے بھٹہ مزدوروں کو عدالت پیش کیا ، درخواستگزار وکیل نےبتایا کہ پھول نگر کے قریب بھٹہ مالک سردار نصیر ڈوگر نے کافی عرصہ سے حبس بے میں رکھا ہوا ہے۔ گورنمنٹ کے قانون کے مطابق منظور شدہ اجرت نہیں دی جاتی ،بھٹہ مالک کے وکیل نے جواب دیا کہ بھٹہ مزدوروں نے ایڈوانس رقم لے رکھی ہے، معاہدے کے مطابق بھٹہ مزدور مرضی سے کام کررہے ہیں ، عدالت کا فریقین کے وکلا کا موقف سننے کے بعد بازیابی کی درخواست خارج کردی ، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے بازیاب افراد جہاں چاہیں جاسکتے ہیں۔