سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت
لاہور( آئی این پی) وزیر مملکت برائے توانائی و عوامی امور عبدالرحمن خان کانجو نے سابق گورنر پنجاب اور معروف سیاسی رہنما میاں محمد اظہر کی وفات پر انکی رہائش گاہ جا کر ان کے صاحبزادے حماد اظہر اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ، مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔اس موقع پر مریدکے پریس کلب کے صدر رانا محمد عرفان اور پنجاب اسمبلی کے آفیسر حافظ خرم بھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیر مملکت عبدالرحمن خان کانجو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں اظہر ایک زیرک، مدبر اور اصول پسند سیاست دان تھے جنہوں نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کو فروغ دیا۔ ان کا کردار صاف اور خدمات شاندار تھیں، بطور لارڈ میئر لاہور انہوں نے مثالی خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ میاں اظہر کی وفات سے ملک ایک سنجیدہ، باشعور اور تجربہ کار سیاست دان سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کی قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔عبدالرحمن خان کانجو نے میاں اظہر کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔