کرائمز

ملتان بورڈ کے تحت 8 سرکاری سکولوں کا میٹرک رزلٹ صفر

شجاع آباد(اظہرتاج قریشی)ملتان بورڈ کے تحت 8 سرکاری سکولوں کا میٹرک رزلٹ صفر، تحصیل شجاع آباد کا واحد گورنمنٹ ہائی سکول غیبی جھکڑ بھی صفر نتائج دینے والوں میں شامل ملتان کے دو سکولز کا رزلٹ صفر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر تعلیم کی علم دوست پالیسیاں بھی رائیگاں۔تفصیلات کے مطابق تعلیم میں حکومتی اصلاحات اور انقلابی اقدامات کے باوجود میٹرک سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج میں ملتان بورڈ کے زیرِ انتظام آٹھ سرکاری سکولوں کا نتیجہ صفر فیصد آنا انتہائی تشویش ناک امر بن گیا ہے، جس نے تعلیمی معیار ادارہ جاتی نگرانی اور سکول سربراہان کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں ضلع ملتان سے تعلق رکھنے والے تین سکولز گورنمنٹ ہائی سکول جھوک وینس، ہاؤس آف پرفیکٹ ایجوکیشن فار گرلز گلگشت، اور گورنمنٹ ہائی سکول غیبی جھکڑ شجاع آباد نتائج دینے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔ شجاع آباد کا گورنمنٹ ہائی سکول غیبی جھکڑ تحصیل کا واحد سرکاری ادارہ ہے جس کا رزلٹ صفر آیا ہے۔غیبی جھکڑ ہائی سکول شجاع آباد کے ہیڈ ماسٹر راؤ اشرف پہلے ہی میٹرک امتحانات میں بے ضابطگیوں، امتحانی عمل میں پیسے لے کر پرچے حل کرانے اور دیگر سنگین الزامات میں ملتان بورڈ کی جانب سے تاحیات امتحانی ڈیوٹی کے لیے نااہل قرار دیے جا چکے ہیں۔ پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی سفارشات بھی پیش کر رکھی ہیں، مگر ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کے بعض بااثر حلقے راؤ اشرف کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں یہاں تک کہ تحقیقات کے آخری مرحلے پر تحقیقتی کمیٹی کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔ اب جب کہ سکول کا نتیجہ صفر فیصد آیا ہے، تو یہ صورتحال ہیڈ ماسٹر کی کارکردگی کا پول کھولنے کے لیے کافی ہے ضلع وہاڑی میں بھی گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول چک 359 بوریوالہ اور گورنمنٹ ہائی سکول 475/ای او وہاڑی کا نتیجہ مکمل طور پر صفر رہا جو والدین اور طلبہ کے لیے شدید مایوسی کا باعث بنا۔ضلع خانیوال میں سینٹ جوزف گرلز ہائی سکول 133/16 امرت نگر میاں چنوں اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول 20/8 میاں چنوں نے بھی ایک بھی کامیاب امیدوار نہ دے سکے۔ اسی طرح لودھراں کا واحد سکول مونٹیسوری گرلز ہائی سکول خان کالونی کہروڑ پکا بھی 0 فیصد نتیجے کے ساتھ شامل ہوا۔ یہ تمام سکولز بورڈ امتحانات میں ناقص ترین کارکردگی کی واضح مثال ہیں، جو نہ صرف اساتذہ و انتظامیہ کی غفلت کا ثبوت ہیں بلکہ محکمہ تعلیم کے اندرونی احتسابی نظام کی ناکامی بھی ظاہر کرتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات تعلیم کے شعبے میں نمایاں اور تاریخی اقدامات کر رہے ہیں جن میں جدید نصاب، اساتذہ کی تربیت، اسکالرشپ پروگرام، اور انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہے۔ اس کے باوجود صرف ملتان بورڈ کے 8 سکولز کا رزلٹ صفر آنا تشویشناک امر ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button