ڈی پی او حافظ آباد کی حافظ آباد پولیس شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات،
حافظ آباد(ظفر جمال) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد عاطف نذیر نے شہید اے ایس آئی محمد افضل اور شہید کانسٹیبل اسداللہ نیازی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کی جرات، فرض شناسی اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ ڈی پی او حافظ آباد نے کہا کہ پولیس شہداء قوم کے ان ہیروز میں شامل ہیں جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور معاشرے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔ ان کی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حافظ آباد پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان کی فلاح و بہبود اور ہر قسم کی مدد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پولیس شہداء کے اہلِ خانہ کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور ہر موقع پر ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس شہداء کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے معاشرے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔