علاقائی خبریں

پنجاب میں آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز

لاہور (آئی این پی) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری سے پنجاب حکومت نے پے پلوٹرز رولز (Pay Polluters Rules)کو ماحولیاتی قانون کا باقاعدہ حصہ بنا دیا ہے۔ اس نئے قانون کے تحت آلودگی پھیلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے تاکہ عوام کو مہلک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔اس حوالے سے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے عالمی معیار کے مطابق آلودگی پر قابو پانے کے لیے موثر قانونی نظام قائم کیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبے کو 10زونز میں تقسیم کر کے ہر زون کی جدید ڈیجیٹل نگرانی کا سمارٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے نظام کے تحت خبردار نامی خودکار الرٹ سسٹم آلودگی کی صورت میں فوری اطلاع دے گا جس پر ای پی اے فورس فوری کارروائی کرے گی۔ ہر زون کے لیے زونل انچارجز اور انسپکٹرز تعینات کیے جا چکے ہیں جبکہ مانیٹرنگ اسکوارڈز نے فیلڈ میں کام شروع کر دیا ہے۔یہ جدید نظام صنعتوں کی چمنیوں، بھٹوں اور گاڑیوں سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے جانچے گا۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)کی مدد سے اگر دھواں مقررہ مقدار یا معیار سے زیادہ ہوا تو مرکزی ڈیجیٹل نظام کو فوری اطلاع دی جائے گی اور متعلقہ دستہ فوری کارروائی کرے گا۔یہ نظام صنعتوں کے زہریلے مواد کو پانی میں بہانے، کچرے کو آگ لگانے اور پلاسٹک جلانے جیسے عوامل پر بھی مکمل نظر رکھے گا۔ ہر زون میں ڈرون کیمرے، خصوصی گاڑیاں اور فوری رسپانس ٹیکنالوجی بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ای پی اے فورس کے لیے 25کروڑ روپے کی لاگت سے ہیڈکوارٹر بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ساتھ ہی گرین لائن ماحولیاتی انفراسٹرکچر کی تیاری کی بھی منظوری دی گئی ہے۔گرین کریڈٹ پروگرام کے تحت ای-بائیکس، ای-رکشہ اور سپر سیڈر جیسے انقلابی منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب کی پہلی ڈیجیٹل کلائمیٹ موومنٹ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گرین اسکول پروگرام اور صاف و سرسبز علاقوں کے تصور کو فروغ دینے کے لیے عوامی مہم بھی چلائی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی فخر کا اظہار کیا کہ برازیل میں ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس 2025 میں پنجاب کو نمائندگی دی جائے گی، جو وزیر اعلی مریم نواز شریف کی تاریخی ماحولیاتی کوششوں کا عالمی اعتراف ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button