علاقائی خبریں

یومِ شہدائے پولیس ،الحمراءآرٹس کونسل میں پر وقار تقریب کا انعقاد

لاہور ( آئی این پی) شہدائے پولیس کی قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ افتخار ہیں،پولیس شہداءکیلئے 4اگست مقرر ہے مگر ان کی یادیں ہمارے دلوں میں 365دن رہتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پرالحمراءآرٹس کونسل میں ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری ہاﺅسنگ پنجاب نورالامین مینگل،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، شہداءکے اہل ِ خانہ، محکمہ پولیس کے افسران و اہلکاران، ذرائع ابلاغ اور شو بز کے نمائندے بھی شریک تھے۔تقریب میں 2017ءسے قبل کے شہداءکے اہل خانہ کو پلاٹس کے ملکیتی حقوق کے کاغذات اور 26 شہداءکے بچوں کو جدید لیپ ٹاپ دیئے گئے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کے342 شہداءنے اپنی جانیں مادر ِوطن پرنچھاورکیں۔انہوں نے کہا کہ شہداءکی عظیم قربانیوں کے طفیل آج ہم پُر امن فضاءمیں زندگی بسر کر رہے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ لاہور پولیس کے ہر شہید کے خاندان سے ہمارا رشتہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداءکے ورثا ءکو گھروں کی فراہمی، بچیوں کی شادی، بچوں کی کوالٹی ایجوکیشن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ لاہور پولیس نے شہداءپیکج کے تحت 2024-25ءمیں شہداءکے 9خاندانوں کو12کروڑ95لاکھ روپے کے گھر دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 111شہداءکے بچوں کے سکالرشپ کی مد میں 2کروڑ 71لاکھ9ہزار روپے سے زائددیئے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ اس دوران شہداءکے17خاندانوں میں جہیز فنڈ کی مد میں 69لاکھ روپے سے زائد تقسیم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہداءویلفیئر آئی کے ذریعے شہداءکی فیملیز اب اپنے مسائل براہ راست سی سی پی او آفس تک پہنچا سکتی ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس ایک مہربان باپ کی طرح شہداءکے بچوں کی دیکھ بھال کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ایک خاندان کی طرح ہے جس کا ہر فرد دوسرے کا خیرخواہ ہے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ محکمہ پولیس زندگی کے ہر موقع پر شہداءکے اہل ِ خانہ کے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر جوان شہادت کے جذبے سے سرشار ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہداءکا مشن وطن کا تحفظ اورامن ہے جو انشاءاللہ جاری و ساری رہے گا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،شہداءکے اہل ِ خانہ اور بچوں نے بھی تقریب میں اپنے جذبات کا اظہار کیا جبکہ شو بز سے متعلقہ شخصیات نے قومی اور ملی نغموں کے ذریعے شہدائے پولیس کو خراج ِ تحسین پیش کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button