کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،آزادی کا سورج طلوع جلد ہوگا‘رانا جمیل منج
لاہور(آئی این پی)پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے کہا ہے کہ کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،آزادی کا سورج طلوع جلد ہوگا،مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے 5اگست 2019ءکے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو چھ سال مکمل ہو چکے ہیں، جن کا مقصد کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو کمزور کرنا تھا۔بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے آبادیاتی ساخت اور سیاسی نقشے کو تبدیل کرنے کی سازش کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جبر، میڈیا پر قدغن، بلاجواز گرفتاریاں اور اظہار رائے پر پابندیاں معمول بن چکی ہیں، بھارتی جارحیت کے تناظر میں اس سال کا یومِ استحصال غیرمعمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔رانا جمیل منج نے کہا کہ آج کا دن بھارتی ریاستی بربریت اور کشمیریوں کی بے مثال استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ عالمی ضمیر پر سوال ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی تاریخ کا سیاہ باب ہے، برصغیر میں مستقل امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، ہزاروں کشمیری شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،کشمیری بہن بھائیوں پرآزادی کا سورج طلوع جلد ہوگا۔