الیکٹرانک مارکیٹ سیل کرنے کیخلاف درخواست ،فریقین کو جواب جمع کروانے کیلئے مہلت
لاہور (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے المدینہ الیکٹرانک مارکیٹ سیل اور ممکنہ مسماری کے خلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کروانے کے لئے آئندہ سماعت تک مہلت دے دی ،عدالت نے المدینہ مارکیٹ کی دوکانیں تاحکم ثانی مسمار نہ کرنے کے حکم میں توسیع کردی۔ جسٹس راحیل کامران نے المدینہ الیکٹرانک کے صدر سمیت دیگر عہدیداروں کی درخواست پر سماعت کی جس میں پنجاب حکومت ، کمشنر ، ڈی سی ، اسٹنٹ کمشنر سٹی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست گزاروں نے ضلعی انتظامیہ کا مارکیٹ کے دوکانداروں کو بھجوایا گیا نوٹس چیلنج کیا ، پنجاب حکومت کی جانب سے اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب محمد عثمان خان پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ محکمہ کے مطابق درخواست گزار سمیت کسی دوکاندار نے شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا ، شوکاز نوٹس کا نوٹس جواب نہ دے کر درخواست گزاروں نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی ۔ درخواست گزار وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں پتہ تھا کہ یہ یہی کہیں گے،ہم گزشتہ روز جواب جمع کروا چکے ہیں۔ جسٹس راحیل کامران نے ڈی سی آفس کے لاءافسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بتائیں کیا یہ درست کہہ رہے ہیں ۔ اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے جواب دیا کہ سر ہمیں اس کا علم نہیں ، معاملے کو دیکھنے کا موقع دیا جائے۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریمارکس دئیے کہ اگر محکمہ کی جانب سے کوئی غلط بیانی ہوئی تو اس پر سخت ایکشن لیا جائے گا، اگر درخواست گزار نے غلط بیانی کی تو اس کے بھی نتائج ہوں گے۔ڈی سی آفس کے لاءافسر نے جواب دیا کہ لگتا ہے درخواست گزار نے جواب متعلقہ فریق کی بجائے کسی اور افسر کو جمع کروایا ۔ جسٹس راحیل کامران نے ریمارکس دئیے کہ چیک کرکے کس نے غلط بیانی کی ، کس کے خلاف ایف آئی آر دیں ۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کروانے کے لئے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔