شجاع آباد :عوامی پلاٹ پر متنازعہ تعمیرات پر بار ایسوسی ایشن کا اظہارتشویش مذمتی قرارداد منظور
شجاع آباد (اظہرتاج قریشی) شجاع آباد بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس 6 اگست بروز بدھ بار روم میں صدر بار چوہدری عدیل احمد خان لنگاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں جنرل سیکرٹری رانا صابر، نائب صدر طالب جکھڑ، جوائنٹ سیکرٹری حسن رضا گیلانی، لائبریری سیکرٹری راؤ عادل ذوالفقار، فنانس سیکرٹری رمیض احمد خان، سیکرٹری لیڈیز شازیہ ملک اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی اجلاس میں میونسپل کمیٹی کی حدود میں واقع عوامی گراسی پلاٹ پر پیرا فورس کے دفتر کی مجوزہ تعمیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وکلاء نے متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پلاٹ نہ صرف ایک سرسبز و شاداب تفریحی مقام ہے بلکہ قومی و مذہبی تقریبات، رمضان بازار، کھلی کچہریاں اور بلدیاتی پروگراموں کے انعقاد کا مرکز بھی رہا ہے قرارداد میں واضح کیا گیا کہ عوامی مفاد میں اس گراسی پلاٹ کو کسی صورت ختم نہیں ہونے دیا جائے گا پیرا فورس کا دفتر کسی متبادل سرکاری جگہ، مثلاً پرانا نادرا آفس، سابق ڈی ایس پی آفس یا پرانی عدالت کی عمارت میں قائم کیا جائے بار ایسوسی ایشن نے اعلیٰ حکام اور بالخصوص اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے عوامی گراسی پلاٹ کی اصل حیثیت کو بحال رکھیں اور شجاع آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں