کمشنر آفس میں جدید سہولیات سے آراستہ "ڈے کئیر سنٹر” کا افتتاح کر دیا گیا
گوجرانوالہ (نامہ نگار ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کمشنر آفس میں جدید سہولیات سے آراستہ "ڈے کئیر سنٹر” کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق ،ایدیشنل کمشنر ڈاکٹر صفدر حسین ،مینیجر قرۃ العین، سی ای او میٹرو پولیٹن کارپوریشن حیدر علی چٹھہ ،لا آفیسر راشد آمین ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قمر زیشان کے علاوہ دیگر افسران، اور کمشنر آفس کے ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب کے دوران کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بچوں کے لیے دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا اور سنٹر میں فراہم کی گئی تعلیمی و تفریحی سرگرمیوں، آرام دہ ماحول اوردیگر انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دفتر میں کام کرنے والی خواتین اہلکاروں کے بچوں کی نگہداشت کے لیے یہ ایک خوش آئند قدم ہے، جو نہ صرف ملازمین کو ذہنی اطمینان فراہم کرے گا بلکہ ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں خواتین کو سازگار ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سنٹر کے قیام سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حکومت ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈے کئیر سنٹر کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور بچوں کی خوراک، تعلیم، صحت و صفائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔آخر میں کمشنر نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور اسٹاف کے جذبے کو سراہا۔