غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارے کےلئے قومی پالیسی بنا کر اس پر عمل پیرا ہو جائے‘عامر قدیر
لاہور( آئی این پی)ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے کہا ہے حکومت امسال 14اگست کو کھربوں روپے کے غیر قرضوں اور سود سے جان چھڑانے کے عزم کرے ،حقیقت یہ ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں کے مرہون منت ہونے کی وجہ سے آج ہم معاشی طور پر آزاد نہیں ہیں ۔وہ ٹیکس بارکے وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر ٹیکس ممبران بابر نیاز،شہباز احمد،اعظم خان،لئیق احمد،کاشف قدیر،کامران کھوکھر ،الطاف قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔ عامر قدیر نے کہا کہ غیر ملکی قرضے اتارنے کے لئے قومی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے ، پہلے مرحلے میں اشرافیہ کو چاہیے کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالے اس کے بعد قوم بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارے کے لئے قومی پالیسی بنا کر اس پر عمل پیرا نہیں ہوا جائے گا ہم ایسے ہی قرضوں کی دلدل میں دھنسے رہیں گے۔