علاقائی خبریں

صحت کے شعبے میں قیادت سائنسی ویژن کے بغیر ممکن نہیں ‘پروفیسر جاوید اکرم

لاہور (آئی این پی)امیرالدین میڈیکل کالج میں ”لیڈرشپ ان ہیلتھ“کے عنوان سے تعلیمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوان ڈاکٹروں میں قائدانہ صلاحیتوں اور طبی تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔سیمینار کے مہمان خصوصی ممتاز طبی ماہر، معلم، محقق اور سابق نگراں وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم جبکہ صدارت کے فرائض پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے سرانجام دئیے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت کا شعبہ صرف علاج تک محدود نہیں بلکہ اس میں قیادت، تحقیق، اخلاقیات اور جدید سائنسی سوچ کو اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ مریض کو صرف جسمانی طور پر نہیں، بلکہ انسانیت کی نگاہ سے دیکھیں اور تحقیق و تعلیم کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا معمول بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حضرات دکھی انسانیت کی خدمت کا مقدس فریضہ سر انجام دے کر معاشرے کے ایسے روشن ستارے بن جاتے ہیں جن کی روشنی اور رہنمائی میں معاشرہ آگے بڑھتا ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے وبائی امراض سے نمٹنے، میڈیکل پالیسی سازی، اور فیلڈ میں لیڈرشپ سے متعلق اپنے تجربہ کی روشنی میں شرکا کو عملی مثالوں سے آگاہ کیا۔ پرنسپل اے ایم سی /پی جی ایم آئی پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ شعبہ صحت میں قیادت صرف انتظامی معاملات تک محدود نہیں، بلکہ اس کا تعلق وژن، اخلاقیات، اور سائنسی بنیادوں پر فیصلے کرنے سے ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ڈاکٹرز تحقیق کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بنیادی حصہ بنانا چاہیے تاکہ وہ جدید طبی چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹ سکیں۔انہوں نے کہا کہ امیرالدین میڈیکل کالج کا مشن ہے کہ نوجوان معالجین کو صرف ماہر ڈاکٹر ہی نہیں بلکہ مستقبل کے قائد بھی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ینگ ڈاکٹرز کو تحقیق، اشاعت، اور صحت سے متعلق پالیسی سازی میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ڈاکٹر فاروق افضل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی جی ایم آئی /اے ایم سی میں اس نوعیت کے تربیتی و فکری پروگرامز کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا ۔ سیمینار میں طلبہ، فیکلٹی اراکین اور ماہرینِ صحت نے بھرپور شرکت کی۔ آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا جس میں نوجوان ڈاکٹروں نے تحقیق اور قائدانہ تربیت سے متعلق بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ سیمینار میں فیکلٹی ممبرز، ینگ ڈاکٹرز ، نرسنگ سٹاف، اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاءنے سیمینار کو انتہائی مفید، معلومات افزا اور شعبہ طب کیلئے رہنما کردار کا حامل قرار دیا۔سیمینار میں پروفیسر ندرت سہیل، ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر آمنہ احسن چیمہ، پروفیسر عاطف شہزاد ، پروفیسر شندانہ طارق ،پروفیسر جودت سلیم ، پروفیسر میاں حنیف، پروفیسر نگہت ہارون، پروفیسر طیبہ گل، پروفیسر فرحان رشید، پرنسپل نرسنگ کالج روبینہ انعام ، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر نادیہ ارشد و نرسنگ انسٹریکٹر و دیگر موجود تھیں۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ مہمان خصوصی پروفیسر جاوید اکرم کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button