حکومت فنانس ایکٹ پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات کو دور کرے ‘ حبیب الرحمن زبیری
لاہور( آئی این پی)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ حکومت فنانس ایکٹ 2025پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات کو دور کرے بصورت دیگر 14131ارب کے ٹیکس محصولات کا ہدف پورا کرنا خواب بن جائے گا ،37اے پر پاکستان کی ساری تاجر برادری سراپا احتجاج ہے ،اگر اسے عدالت میں چیلنج کیا گیا تو یہ ختم ہوجائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکسیشن نظام پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صدر زوہیب الرحمن زبیری،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدور واصف علی شیخ،تابش علی جاوید،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری اورجوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ حبیب الرحمن زبیری نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس نظام میں خلاءاور سقم موجود ہے جس کے لیے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ،بیورو کریسی ٹیکس کے نظام میں حقیقی اصلاحات کی بجائے صرف خانہ پری کر کے حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونکتی ہے ۔ ایف بی آر میں اصلاحات کے لئے نجی شعبے کو ذمہ داری سونپی جائے۔انہوںنے کہا کہ فنانس ایکٹ 2025میں بہت سی شقیں بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہیں ، انہیں عدالت میں چیلنج کر کے ختم کرایا جا سکتا ہے اور ایسا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار کرنے والوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے ، ٹیکسیشن کے نظام کو سہل اورشرح میںکمی کی جائے ۔