ہم دنیا میں ناقابل تسخیر قوم بن سکتے ہیں‘ ہمایوں اختر خان
لاہور( آئی این پی)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی خالق کائنات کی بہت بڑی نعمت ہے،پاکستان دو قومی نظریے کے نتیجے میں وجود میں آیا،وطن عزیز سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور یہ دن اس عہد کے تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہم کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میسر نہ ہوتی تو پاکستان کا قیام ممکن نہ ہوتا ۔قائد اعظم محمد علی جناح نے ثابت کیا کہ مسلمان ہر لحاظ سے ایک الگ قوم ہیں۔ہمیں رب العزت کے اس انعام اور نعمت کی قدر، رکھوالی اور پاسبانی کرنی ہے ،14اگست کا دن، قائداعظم کا فرمان اور علامہ اقبال کا خواب ہم سب سے تقاضہ کرتا ہے کہ پاکستان کی عزت اور حرمت ہر چیز سے اولین ہے اور ہونی بھی چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان ایمان، اتحاد اور تنظیم کو عملی طور پر اپنا کر ہم دنیا میں ایک ناقابل تسخیر قوم بن سکتے ہیں۔