یوم آزادی قومی وملی جوش وجذبے سے منایا جائےگا
لاہور( آئی این پی)78واں یوم آزادی آج 14 اگست (جمعرات) کے روز شایان شان اور قومی وملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا، حکومت کی جانب سے یو م آزادی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ دن کا آغاز وفاقی دارا لحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہو گا۔ نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار ات پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پروقار تقریبات منعقدہوںگی۔ اعلی حکومتی شخصیات اور عسکری حکام بانی پاکستان اور شاعر مشرق کے مزار ات پر حاضری دیں گے ، پھولوں کی چادر یںچڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں بھی جشن کی آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ، سرکاری اداروں میں پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں یوم آزادی کو موضوع بنایا جائے گاجبکہ اس موقع پر کیک بھی کاٹے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر آج ( جمعرات)14اگست کو بھارتی جارحیت کے خلاف ”بنیان المرصوص “آپریشن کی کامیابی کا جشن منایا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جنگی طیارے وفاقی دارالحکومت کی فضاﺅں میں دل گرما دینے والے کرتب دکھائیں گے۔یوم آزادی کے سلسلے میں شکر پڑیاں پریڈ گراﺅنڈ اسلام آباد میں آج ( جمعرات )دفاعی سازوسامان کی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا ہے۔ یوم آزادی اور معرکہ حق کی فتح پر افواج پاکستان کی جانب سے قابل فخر دفاعی سازوسامان کی نمائش کی جائے گی ۔ شکرپڑیاں پریڈ گراﺅنڈ اسلام آباد صبح10بجے شہریوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ نمائش میں معرکہ حق کے دوران استعمال کیے گئے مختلف جنگی ہتھیار، طیارے، ٹینک اور دیگر فوجی ساز و سامان شامل ہے۔ نمائش میں توپوں ،راکٹ لانچر وہیکلز ، جنگی سامان بردار گاڑیاں اور بکتر بند بھی شامل ہیں۔ معرکہ حق میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ریڈارز بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ نمائش میں پاک فضائیہ کی جانب سے فلائی پاسٹ اور پیرا جمپنگ کا مظاہرہ بھی ہوگا ۔ شکر پڑیاں پریڈ گرانڈ میں مختلف سٹالز، ثقافتی پروگرامز اور فوجی بینڈز بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ اس کے علاوہ فوجی بینڈز ملی نغموں کی دھنوں پر عوام کا جذبہ حب الوطنی ابھاریں گے۔ دفاعی سازوسامان کی نمائش کا مقصد ملک کے ہر شہری کو تاریخی دن کی خوشیاں بھرپور انداز میں منانے کا موقع فراہم کرنا ہے