نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی قوت ہیں‘پروفیسر فاروق افضل
لاہور (آئی این پی) پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہے، جسے ہمیں قدر و احترام کے ساتھ سنبھالنا چاہیے، نوجوان نسل کو اپنے بزرگوں اور اسلاف کی لازوال قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے 78ویں جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں ایک وقار تقریری مقابلے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں امیرالدین میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول کے طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ اس مقابلے کا عنوان ”سفید کوٹ میں سبز ہلالی پرچم” رکھا گیا تھا، جس میں مقررین نے وطن سے محبت، انسانی خدمت، اور پیشہ ورانہ فرض شناسی کو خوبصورت انداز میں پیش کرکے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ میڈیا سے گفتگو میں پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نوجوان سب سے بڑی قوت ہیں۔ میڈیکل کے طلبہ و طالبات کے لیے یہ موضوع اس بات کی علامت ہے کہ سفید کوٹ صرف پیشہ ورانہ ذمے داری نہیں بلکہ خدمت، ایثار اور وطن کے وقار کی حفاظت کی علامت بھی ہے۔مہمانِ خصوصی پروفیسر مجید چوہدری نے طلبہ و طالبات کے ولولہ انگیز اندازِ بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزادی کی حفاظت اسی وقت ممکن ہے جب ہم اپنی تعلیم، کردار اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو خلوصِ نیت کے ساتھ نبھائیں۔تقریب میں پروفیسر فرح شفیع، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر جودت سلیم، پروفیسر نازش ثقلین ، پروفیسر نگہت ہارون ، پرنسپل نرسنگ کالج روبینہ انعام، ڈاکٹر شائستہ مبین اور ڈاکٹر عبدالعزیز ، ڈاکٹر نادیہ ارشد، شازیہ یعقوب سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔