فیسوں میں اضافے کےخلاف درخواست پر 21 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم
لاہور( آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر 21 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم د ے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ اسد منظور بٹ نے دلائل دئیے اور موقف اختیار کیا کہ پرائیویٹ سکول اپنی مرضی سے ہرسال سکول فیس میں اضافہ کررہے ہیں، قانونی طور پر ایک سال میں 5 فیصد اضافے کا حق ہے تاہم پرائیویٹ سکولوں نے 42 فیصد تک فیسوں میں اضافہ کر دیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ فیسوں کے معاملے کو کون دیکھتا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی پرائیویٹ سکول کی فیسوں کی شکایت سنتی ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کے سربراہ ہیں۔عدالت نے ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کو درخواست پر 21 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فیصلے کیلئے درخواست اتھارٹی کو بھجوا رہے ہیں۔