صوبائی مینجمنٹ سروس کے شرکاء کا ریجنل پولیس آفس ملتان کا دورہ
شجاع آباد (اظہرتاج قریشی ) صوبائی مینجمنٹ سروس کے شرکاء نے ریجنل پولیس آفس ملتان کا دورہ کیا، جہاں انہیں ریجنل پولیس کی کارکردگی اور جدید طرز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر ریجنل پولیسں آ فیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چوھدری کی ہدایت پر ایس ایس پی ریجنل انویسٹی گیشن برانچ محمد نعیم شاہد نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ملتان ریجن پولیس کی ورکنگ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ایس ایس پی محمد نعیم شاہد نے بتایا کہ ملتان ریجن پولیس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تیز رفتار اقدامات جاری ہیں، جس کی بدولت مجرموں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ممکن ہو سکیں انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے درجنوں خطرناک جرائم پیشہ گروہوں کو گرفتار کیا گیا، جن سے کروڑوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر "خدمت مراکز” قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کو پولیس خدمات تیزی سے اور باعزت طریقے سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نئے تھانے قائم کیے گئے ہیں اور موجودہ تھانوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ پولیس کا مثبت تاثر عوام میں اجاگر ہو اور نظام انصاف میں بہتری آئے۔دورے کے اختتام پر شرکاء نے پولیس ورکنگ، سہولیات، اور موجودہ چیلنجز کے حوالے سے مختلف سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ شرکاء نے پولیس ریفارمز اور جدید اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا