برآمدی سودے طے ہونے کا امکان ہے ‘ پی سی ایم ای اے
لاہور( آئی این پی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور ایگزیبیشن 2025کے چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے رواں سال اکتوبر میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش کےلئے مالی اور تکنیکی معاونت ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کیلئے تقویت کا باعث بنے گی ، مختلف ممالک سے غیر ملکی خریداروں کی شرکت کیلئے بے پناہ دلچسپی سے قوی امید ہے کہ عالمی نمائش میں وسیع پیمانے پر برآمدی سودے طے ہوں گے جس سے پاکستان کیلئے قیمتی زر مبادلہ کا حصول ممکن ہو سکے گا ۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقد ہونے والی 41ویں عالمی نمائش کی تیاریوں کے سلسلہ میں ہفتہ وار جائزہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، میجر (ر)اختر نذیر ،سعید خان سمیت دیگر شریک ہوئے ۔چیئرمین ایگزبیشن 2025ریاض احمد نے شرکاءکو آگاہ کیا کہ پر کشش ہاسپیلٹی پیکج کی پیشکش کے بعد مختلف ممالک سے غیر ملکی خریداروں نے رجسٹریشن کرانا شروع کردی ہے ، ابتدائی اندازے کے مطابق نمائش میں پاکستان سے بلا تعطل کاروبار کرنے والے مختلف ممالک کے 100سے زائد خریداروںکی آمد متوقع ہے اور تین روزہ سر گرمیوں سے ہماری صنعت کو بڑا سہارا ملے گا۔ مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان پاکستان آنے والے غیر ملکی خریداروں سے تجارتی روابط کے فروغ کےلئے ون ٹو ون ملاقاتوں کیلئے بھرپور تیاری کریں جس کے لئے ایسوسی ایشن بھرپو ر معاونت فراہم کرے گی ۔غیر ملکی مہمانوں کی ہر طرح سے پذیرائی کریں گے اور ہر ممکن کوشش ہو گی کہ ان کی مہمان نوازی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے جس سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج بھی اجاگر ہوگا۔ چیئرمین ایسوسی ایشن میاں عتیق الرحمان نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے ذمہ داران کی طرف سے جو غیر معمولی تعاون پیش کیا گیا ہے اس پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہیں،نمائش کے حوالے سے ہم نے جو تجاویز دی تھیں انہیں منظور کیا گیا ہے جس سے یقینی طور پر عالمی ایونٹ کی کامیابی میں بھرپور مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر امید ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی سب سے بڑی نمائش ” ڈوموٹیکس “ کے لئے بھی بھرپور مالی معاونت دی جائے گی جس سے پاکستان کی قالین سازی کی روایتی صنعت کو عالمی منڈیوں تک متعارف کرانے اور برآمدات میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی ۔اجلاس میں شرکاءکی جانب سے بھی مختلف تجاویز پیش کی گئیں جن پر غور و خوض کے بعد ان پر پیشرفت کی منظوری دی گئی ۔