وکلاءپرجھوٹی ایف آئی آرز کے اندراج کےخلاف (آج )ہڑتال
لاہور( آئی این پی)پنجاب بار کونسل کی کال پر وکلاءپرجھوٹی ایف آئی آرز کے اندراج کے خلاف آج ( پیر)18اگست کو ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کی جائے گی ۔ پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد اشفاق کہوٹ نے کہا کہ پنجاب بھر میں وکلا ءکے خلاف جھوٹی اور من گھڑٹ ایف آئی آرز کے اندراج اورغیر قانونی گرفتاریاں پر حکومت کو 16 اگست تک کا وقت دیا گیا تھا کہ اس سلسلے کو فی الفور روکا جائے اور وکلا ءپر تمام کیسز ختم کیے جائیں لیکن حکومت نے اس پر کوئی نوٹس نہیں لیا بلکہ کئی اضلاع میں مزید وکلاءکے خلاف مزید ایف آئی آرز درج کر لی گئیں،پنجاب بار کونسل کی کال پرآج پیر18 اگست کو ہڑتال کرتے ہوئے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیاجائے گا ۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت ہماری پر امن ہڑتال کی کال کو خاطر میں نہ لائی تو اگلے مرحلے میں ملک بھر میں ہڑتال کی کال دی جائے گی اور عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا ۔اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل ذبیع اللہ ناگرہ،سابق وائس چیئرمینز عرفان تارڑ،چودھری بابر وحید،کامران بشیر مغل،فرحان شہزاد۔ سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت علی سوہل،اکاﺅنٹس آفیسر رانا محمد عمیر دیگر بھی موجود تھے۔چودھری محمد اشفاق کہوٹ نے مزید کہا کہ ہم پر امن رہ کر اپنا احتجاج نوٹ کرائیں گے ،آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام بے بنیاد اور من گھڑت ایف آئی آرز واپس لیں اور وکلاءکے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کرائی جائیں۔