درویش کامل باباجی صوفی محمد صدیق نقشبندی مجددی وصال فرما گئے.
شیخوپورہ( حافظ وقاص سندھو سے) درویش کامل، صوفی باصفا، اللہ کے ولی حضرت باباجی صوفی محمد صدیق نقشبندی مجددی انتقال فرما گئےمرحوم کی نمازِ جنازہ کالوکے بوہڑوالے قبرستان میں تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی نائب امیر سید پیر ظہیر الحسن شاہ مدظلہ العالی نے پڑھائی نمازِ جنازہ میں مریدین علما کرام، اولیائے عظام، مشائخ، مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنما، وکلاء، صحافیوں، عزیز و اقارب سمیت مقامی افراد کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔مرحوم، نائب امیر یوسی کالوکے میاں شرجیل احمد، میاں خلیل احمد اور میاں جمیل احمد کے والد گرامی تھے۔ ان کے وصال پر علاقے میں گہرا دکھ اور رنج کی کیفیت ہے۔سید پیر ظہیر الحسن شاہ مدظلہ العالی نے جنازے کے شرکاء سے مخاطب کرتے ہوے کہاکہ آج ہم ایک ایسی ہستی کو سپرد خاک کر رہے ہیں، جن کی زندگی اللہ کی رضا، رسول ﷺ کی محبت اور دین کی خدمت کے لیے وقف رہی۔ باباجی صوفی محمد صدیق نقشبندی مجددی نہ صرف اپنے حلقہ احباب کے لیے بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک سایہ دار شجر کی مانند تھے۔اللہ والے دنیا سے ظاہری طور پر رخصت ہوتے ہیں، لیکن ان کی دعاؤں، تعلیمات اور فیوض و برکات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ان کی زندگی کا ہر لمحہ، ہر سانس، ہر قدم، دلوں کو جوڑنے اور روحوں کو اللہ کی طرف متوجہ کرنے میں گزرا۔ ان کا وصال صرف ایک فرد کا نہیں، بلکہ ایک روحانی مدرسے، ایک سلسلے، اور ایک نسل کی رہنمائی کا خلا ہے۔ان کی کمی نہ صرف ان کے بیٹوں، مریدین اور اہلخانہ کو محسوس ہو رہی ہے بلکہ پوری امت کو اس درد سے دوچار کر گئی ہے کہ ایک ایسا چراغ بجھ گیا جو اندھیروں میں راستہ دکھاتا تھا۔ ہم سب پر لازم ہے کہ ہم ان کے مشن کو آگے بڑھائیں، ان کی تعلیمات پر عمل کریں، اور اپنی زندگیاں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر گزاریں۔آئیے! ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ باباجی صوفی محمد صدیق نقشبندی مجددیؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے دلوں کو پاکیزہ بنائیں، فرقہ واریت سے بچیں، اور دین اسلام کے اصل پیغام، یعنی محبت، اخلاص اور اخوت کو فروغ دیں۔تاجدارختم نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کے لیےخود کووقف کردیں اللہ رب العزت مرحوم کو غریقِ رحمت فرمائے، ان کی قبر کو جنت کا باغ بنائے، اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔”