غیر رجسٹرڈ فروزن فوڈ کی بڑی کھیپ ضبط کرلی گئی
مظفرآباد(نامہ نگار)آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے پولیس کے تعاون سے رات گئے کوہالہ ناکہ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ فروزن فوڈ کی بڑی کھیپ پکڑ تے ہوئے ضبط کر لی۔ کارروائی اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمٰن، اے ایف سی راجہ حنیف اور چوکی آفیسر ایس آئی راجہ منیر کی نگرانی میں عمل میں آئی۔کارروائی کے دوران گاڑیوں کی تلاشی لی گئی، جس میں بغیر رجسٹریشن اور فوڈ سیفٹی معیار کے منافی فروزن فوڈ برآمد ہوئی۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر تمام غیر معیاری خوراک ضبط کر کے سرکاری تحویل میں لے لی گئی جبکہ متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے اپنے پیغام میں کہا کہ فوڈ اتھارٹی رات دن عوامی صحت کے تحفظ کے لیے متحرک ہے۔ ناکہ جات پر چیکنگ کا مقصد غیر محفوظ خوراک کو مارکیٹ میں داخل ہونے سے روکنا ہے اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔