پنجاب بھر سے 89 ہزار 372 اشتہاری مجرمان گرفتار
لاہور (نامہ نگار )پنجاب پولیس کا سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق، رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے 89 ہزار 372 اشتہاری مجرمان گرفتار کیے گئے۔ اے کیٹگری کے 30 ہزار 610 اور بی کیٹگری کے 58 ہزار 762 اشتہاری مجرمان شامل ہیں۔ اسی طرح صوبہ بھر سے 36 ہزار سے زائد عدالتی مفروران بھی گرفتار کیے گئے جس میں اے کیٹگری کے 8 ہزار 146 اور بی کیٹگری کے 27 ہزار 884 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ پنجاب پولیس نے 18 ہزار 492 عادی مجرم بھی گرفتار کیے جن میں اے کیٹگری کے 7176 اور بی کیٹگری کے 11 ہزار 316 عادی مجرم شامل ہیں۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں 18726 اشتہاری مجرمان، 14263 عدالتی مفرور اور 7763 عادی مجرم گرفتار کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے اشتہاری مجرموں اور عدالتی مفروروں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن تیزی سے جاری رکھا جائے۔ مدعیوں کے ساتھ قریبی رابطے اور مئوثر انفارمیشن شئیرنگ سے خطرناک مجرموں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔