کرائمز
تحصیل انتظامیہ پتوکی کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپس قائم
پتوکی (شبیر احمد شاہین )سرائے مغل کے علاقے ہیڈ بلوکی پر دریائے روای میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق پانی کی آمد 53 ہزار 850 کیوسک جبکہ اخراج 29 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صورت حال کے پیش نظر تحصیل انتظامیہ پتوکی کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق یہ کیمپس بلوکی، دولو ملتانی اور نتھے جاگیر میں قائم کیے گئے ہیں۔
محکمہ لائیو اسٹاک، ہیلتھ اور زراعت سمیت دیگر اداروں نے بھی امدادی کیمپس قائم کر دیے ہیں۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو اسٹاک ڈاکٹر گوہر عباس کے مطابق کیمپوں میں مویشیوں کے لیے ویکسینیشن، فوری طبی امداد اور چارہ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانوروں کو محفوظ رکھا جا سکے۔