سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل
لاہور( آئی این پی)سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل ہوگیا جس کے بعد مزید حج درخواستوں کی وصولی روک دی گئی، ملک بھر سے ایک لاکھ 18ہزار 60درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔حج درخواستیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی گئیں، 17روز میں عازمین نے آن لائن اور منتخب بینکوں کے ذریعے درخواستیں جمع کرائیں۔رپورٹ کے مطابق عازمین نے طویل اور مختصر دورانیے کے حج کیلئے درخواستیں جمع کرائیں، وزارت مذہبی امور نے نصف حج اخراجات پہلی قسط کے طور پر وصول کیے، حج کے باقی اخراجات دوسری قسط میں وصول کئے جائیں گے۔حکام کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی کا عمل ماضی کے مقابلے میں قبل از وقت مکمل کیا گیا، پہلے مرحلے میں رجسٹرڈ عازمین سے حج درخواستیں وصول کی گئی تھیں جس کے بعد غیر رجسٹرڈ افراد کیلئے حج درخواستیں جمع کرانے کا مرحلہ شروع کیا گیا تھا۔