سستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں‘ڈاکٹر احسان بھٹہ
لاہور(آئی این پی)سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت شہریوں کو سستی قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے لاہور میں 15 سہولت آن دی گو بازاروں کا جلد آغاز کر رہی ہے۔وہ گزشتہ روز گلشن راوی میں گو بازار پر سہولت کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کے دوران افسران سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سہولت بازار اتھارٹی کے جنرل منیجر روشن ضمیر، ڈپٹی ڈائریکٹر پراجیکٹس کنسلٹنٹ ملک مقصود احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی سربراہی میں پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا مقصد یومیہ اجرت اور کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے ایک منظم مارکیٹ سسٹم کو فروغ دینا، سستی اشیا تک رسائی میں اضافہ اور قیمتوں کو ریگولیٹ کرنا ہے تاکہ منافع خوری پر قابو پایا جا سکے۔جنرل منیجر سہولت بازار اتھارٹی روشن ضمیر نے بریفنگ میں بتایا کہ گلشن راوی، شادمان، مدار ملت روڈ ٹان شپ، فیصل ٹان کوٹھی پنڈ، مانگا منڈی ملتان روڈ، اور رائیونڈ سبزی منڈی کے قریب 7 سائٹس پہلے ہی زیر تعمیر ہیں۔ سیکرٹری ڈاکٹر احسان بھٹہ نے معیار ی تعمیر کو یقینی بنانے کیلئےسہولت بازار اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ اعلی معیار کا مواد استعمال، باقاعدہ جانچ کریں اور حفاظتی اقدامات جیسے بجلی کے کھمبوں کے ارد گرد بانس کی رکاوٹوں اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے سبزہ زار پر عمل درآمد کریں۔ انہوں نے یو ای ٹی کی قائم لیبز سے کنکریٹ سلنڈر جیسے ٹیسٹنگ میٹریل کے ذریعے کوالٹی چیک کرنے کی بھی ہدایت کی۔