سرگودھا پولیس گاڑی اور رولر کے تصادم میں زیر حراست ملزم جاںبحق
سرگودھا(نامہ نگار )سرگودھا پولیس گاڑی اور رولر کے تصادم میں زیر حراست ملزم جاںبحق اور تین اہلکاروں سمیت ملزمان شدید زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال منتقل کر کے پولیس مصروف تفتیش ہے۔ڈی پی او نے حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا۔زرائع کے مطابق سرگودھا شہر کے تھانہ اربن ایریا پولیس ایلیٹ فورس کے ہمراہ چھاپہ مار گھلاپور سے 3 ملزمان اصغر علی ،اکرم اور علی رضا کو گرفتارکر کے سرگودہا تھانہ لارہی تھی کہ لاہور روڈ پر پولیس کی گاڑی مانگنی پل کے قریب سڑک کے کنارے پر کھڑے رولر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ پولیس گاڑی کا اگلا حصہ تباہ اور تین پولیس اہلکاروں سمیت ملزمان زخمی ہو گے جن میں دماغ پر شدید چوٹ آنے سے اصغر نامی ملزم دم توڑ گیا جبکہ ہیڈ کانسٹیبل سلیمان علی،کانسٹیبل عاصم اور طیب یعقوب کو زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور ملزمان اکرم اور اس کے بیٹے علی رضا کو معمولی چوٹیں آنے پر ٹی ایچ کیو بھاگٹانوالہ میں ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی اس حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او محمد صہیب اشرف نے رپورٹ طلب کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا۔تھانہ بھاگٹانوالہ پولیس متوفی اصغر علی کی نعش تحویل میں لیکر قانونی کارروائی میں مصروف ہےـ