ویٹنگ لسٹ میں شامل امیدواروں کی بھرتی کا سلسلہ جاری
شجاع آباد(اظہرتاج قریشی) ملتان ریجن (جس میں ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں شامل ہیں) میں تین ماہ قبل مکمل کیے گئے پولیس بھرتی کے عمل میں جو امیدوار میرٹ پر آنے کے باوجود کسی مجبوری یا ذاتی وجوہات کی بنا پر جوائننگ نہ دے سکے، ان کی جگہ اب ویٹنگ لسٹ میں شامل امیدواروں کو بھرتی کیا جا رہا ہے یہ عمل انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے تاکہ دستیاب آسامیوں پر صرف مستحق اور میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کو موقع فراہم کیا جا سکےترجمان ملتان ریجن پولیس کے مطابق ویٹنگ لسٹ کے امیدواروں کی فہرستیں ابتدائی طور پر ہی پولیس لائنز میں نمایاں انداز میں آویزاں کر دی گئی تھیں تاکہ تمام امیدواروں کو مکمل آگاہی حاصل ہو اب اعلیٰ پولیس افسران کی منظوری سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بھرتی کا عمل ویٹنگ لسٹ کے امیدواروں تک وسیع کیا جائے گا، اور صرف وہی امیدوار کامیاب قرار پائیں گے جو مکمل طور پر میرٹ کے معیار پر پورا اتریں گے ترجمان نے واضح کیا کہ یہ بھرتی کا عمل مکمل شفافیت اور غیر جانبداری کے اصولوں کے مطابق انجام دیا جا رہا ہے۔
تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی سفارش یا ناجائز ذرائع سے مدد لینے کی کوشش نہ کریں اور نہ ہی کسی دھوکہ دہی یا فریب میں آئیں پولیس محکمہ صرف اور صرف قانون، ضابطے اور اہلیت کی بنیاد پر بھرتیاں کر رہا ہے ریجنل پولیس ملتان کی قیادت نے ایک بار پھر اعادہ کیا ہے کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور شفاف، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ بھرتی سسٹم ہی ادارے کی ساکھ اور عوام کے اعتماد کی بنیاد ہے