سیلاب متاثرین کی فوری امداد حکومت کی ذمہ داری ہے، محمد فائق شاہ
گوجرانوالہ(توقیر اسلم ) امن ترقی پارٹی کے چیئرمین محمد فائق شاہ نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب نے ہزاروں خاندانوں کو شدید متاثر کیا ہے، جنہیں فوری طور پر حکومت کی مدد اور ریلیف کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومتِ وقت سے پرزور اپیل کی کہ متاثرین کو خوراک، پینے کے صاف پانی، عارضی رہائش اور طبی سہولیات فوری طور پر فراہم کی جائیں تاکہ انسانی جانوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔محمد فائق شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا شدید خطرہ موجود ہے۔ اس سلسلے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر ویکسی نیشن، میڈیکل کیمپس اور صفائی ستھرائی کے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ قدرتی آفت انسانی المیے میں بدل سکتی ہے۔چیئرمین امن ترقی پارٹی نے عوام، سماجی تنظیموں اور فلاحی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی مدد کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قومی یکجہتی اور تعاون کی ضرورت ہے تاکہ متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔