چندسال قبل تعمیر ہونیوالی شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کاشکار
عمرکوٹ( ڈاکٹر ایم لال واگھانی)ناقص تعمیرات کاشاحسانہ،خطیررقم کی لاگت سے چندسال قبل تعمیر ہونیوالی شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کاشکارہوگئی،گڑھے پڑے جانے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر،حادثات معمول بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق چھ سال قبل 2017-18میں کروڑوں روپے کی خطیررقم کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی کنری، عمرکوٹ 36کلومیٹر طویل مین شاہراہ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کاشکارہوگئی ہے اور اس میں بڑے بڑے گڑھے پڑچکے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے اور حادثات بھی معمول بنے ہوئے ہیں جبکہ بسوں کاروں اورمال برادرٹرکوں سمیت قیمتی گاڑیوں کو بھی سخت نقصان کاسامنا ہے،شاہراہ کے ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہونے کی وجہ سے منٹوں کاسفر گھنٹوں میں طے ہورہاہے،عمرکوٹ ضلع میں کنری سے ضلعی ہیڈکواٹر عمرکوٹ کی یہ شاہراہ علاقے کی اہم ومصروف ترین شاہراہ ہے روزانہ کی بنیاد پر کنری سمیت ضلع کے مختلف علاقوں سے ہزاروں علاقہ مکین و شہری اس شاہراہ پر سفرکرتے ہیں جوکہ ضلعی ہیڈکواٹر عمرکوٹ آتے جاتے ہیں، شاہراہ کے ٹوٹ پھوٹ کاشکارہو جانے اوراس میں گڑھے پڑجانے کی وجہ سے وہ سخت اذیت وپریشانی میں مبتلاہوگئے ہیں،جب سے شاہراہ تعمیر ہوئی ہے ایک باربھی اسکی مرمت نہیں کی گئی ہے، تجربکار علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ ناقص میٹریل کے استعمال کی وجہ سے حال ہی میں تعمیرہونیوالی شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کاشکارہوگئی ہے انکاکہنا ہے کہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے سرکاری ادارے تباہی کے دہانوں پہنچ چکے ہیں،بھاری کمیشن وصول کی جائیگی تو ترقیاتی کام بھی غیرمعیاری ہی ہونگے،تاہم علاقہ مکینوں نے بالاحکام سے نوٹس لینے اورسڑک کی مرمت کرانے کامطالبہ کیاہے۔