مصیبت زدہ بھائیوں کے لیے 30لاکھ روپے کا ہنگامی فنڈ قائم
لاہور(آئی این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے پاکستان کی کاروباری برادری سے پرزور اپیل کی ہے کہ خیبرپختونخواہ کے مصیبت زدہ بھائی بہنوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں اور متحد ہوکر زیادہ سے زیادہ تعاون کریں۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں آنے والا حالیہ سیلاب تاریخ کا بدترین سانحہ ہے جس نے ہزاروں خاندانوں کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے۔ ہمارے سینکڑوں بھائی، بہنیں اور معصوم بچے شہید ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں ابھی تک لاپتہ ہیں۔ متاثرین کا مال مویشی، گھر بار اور روزگار سب کچھ پانی کی نذر ہو گیا ہے اور وہ اس وقت انتہائی کرب و اذیت میں مبتلا ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے فوری طور پر 25 لاکھ روپے جبکہ ذاتی طور پر ان کی جانب سے 5 لاکھ روپے، مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے کا فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ اس فنڈ سے ابتدائی طور پر 10 لاکھ روپے کی ادویات، جبکہ باقی رقم سے اشیائے خوردونوش، کپڑے اور دیگر ضروری سامان فوری طور پر خیبرپختونخواہ بھجوایا جائے گا تاکہ متاثرین کی فوری ضرورت پوری ہوسکے۔میاں ابوذر شاد نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے بھائی بہنوں کی تکلیف نے ہمیں بھی بے چین کر رکھا ہے کیونکہ وہ ہمارے مسلمان اور پاکستانی بھائی ہیں۔ انہوں نے لاہور سمیت پورے ملک کی تاجر برادری اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنے عطیات، صدقات اور دیگر امدادی سامان لاہور چیمبر کو فراہم کریں تاکہ ان کی بروقت ترسیل خیبرپختونخواہ کے متاثرین تک یقینی بنائی جاسکے۔میاں ابوذر شاد نے کہا ان کی کوشش ہے کہ کم از کم ایک کروڑ روپے کی امداد خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت کے حوالے کی جائے تاکہ وہاں کے متاثرہ خاندانوں کی بحالی میں عملی مدد فراہم کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت ذاتی یا گروہی مفاد کا نہیں بلکہ پاکستانی بننے کا ہے۔ اگر ہم سب متحد ہوکر مدد کریں تو متاثرین کی مشکلات کم کی جاسکتی ہیں۔